سیاسی ہلچل پر اسٹاک ایکسچینج میں بھی کھلبلی مچ گئی، 100 انڈیکس ایک دن میں 1800پوائنٹ گر کر 48 ہزار 8سو کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔
ایک روز میں سرمایہ کاروں کا 326 ارب روپے کا نقصان ہوگیا۔ ملک میں سیاسی ہلچل اسٹاک مارکیٹ کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب کررہی ہے، ایک جانب پاکستان کا ایمرجنگ مارکیٹ میں شامل ہونا اور دوسری طرف فرنٹیئر مارکیٹ سے نکلنا۔ اندازے تھے کے ایمرجنگ مارکیٹ میں شامل ہونےپر بیرونی سرمایہ کاری آئے گی لیکن سیاسی ہلچل بیرونی سرمایہ کاری کو روک رہی ہے۔
معاشی تجزیہ نگار مزمل اسلم کے مطابق ایمرجنگ مارکیٹ میں شامل ہونے پر بیرونی سرمایہ کاروں نے خریداری کے بجائے شیئرز فروخت کئے ہیں جبکہ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقات پر مقامی سرمایہ کاروں نے بھی شیئرز فروخت کئے۔ آج کاروبار کےد وران 100 انڈیکس 4.4 فیصد گرا، کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 1810 پوائنٹس کمی سے 48 ہزار 780 پر بند ہوا ،جس سے سرمایہ کاروں کی 326 ارب سے زائد رقم ڈوب گئی ۔ رواں ہفتے کے 4کاروباری سیشن میں ہنڈریڈ انڈیکس 3855 پوائنٹس گرچکا ہے، جس سے حصص بازار میں کاروبار کئے جانے والے شیئرز کی مالیت 652 ارب روپے گھٹ چکی ہے۔