اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان نائیجر کے سرحدی دیہاتوںچومبانگو اور زارومداریے پر مسلح دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ نائیجر میں دہشتگردانہ حملوں میں 100 سے زاہد بے گناہ شہری جاں بحق اور بڑی تعداد میں زخمی ہوگئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نائیجر کے تیلابیری خطے کے سرحدی دیہات چومبانگو اور زارومداریے میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں بڑی تعداد میں قیمتی انسانوں جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد بے گناہ لوگ زخمی ہوگئے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نائیجر کے برادر ملک اور عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا ہے اوردہشت گردی کے ان بزدلانہ وسفاک واقعات کے رنج وغم میں برابر کا شریک ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ پاکستان ہر طرح اور ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں ہم نائیجر کی حکومت اور عوام کے ساتھ نہ صرف مکمل یک جہتی کرتے ہیں بلکہ ان کی بھرپور حمایت بھی کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ نائیجر میں دہشتگردی کے افسوسناک واقعے میں 100 سے زاہد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ بات اس مغربی افریقی ملک کے وزیر اعظم بِرگی رافینی نے ان حملوں کا نشانہ بننے والے دو دیہات کے ذاتی دورے کے بعد بتائی۔ اب تک ان حملوں کی ذمے داری کسی بھی مسلح گروہ نے تسلیم نہیں کی۔ امکان ہے کہ دہشت گردوں نے یہ حملے اپنے دو ساتھیوں کی موت کا بدلہ لینے کے لیے کیے۔ مقامی حکام کا خیال ہے کہ یہ خونریز حملے کرنے والے دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ہمسایہ ملک مالی سے وہاں گئے تھے۔
#APPNews @NigeriaGov
@MoIB_Official