دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور رفعت اللہ مہمند نے پُراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے پاکستان کو پچاس رنز تک پہنچایا تاہم آگے بڑھ کر کھیلنے کی کوشش میں احمد شہزاد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
پیری کی گیند پر وکٹ کیپر بٹلر نے ان کو سٹمپ کیا۔ احمد شہزاد نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ میچ کے نویں اوور میں رفعت اللہ نے بھی آگے نکل کر کھیلنے کی غلطی دہرائی اور سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ رفعت اللہ مہمند نے تین چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔
میچ کے بارہویں اوور میں پاکستان کو محمد حفیظ کی صورت میں تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جو 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ پلنکٹ کی گیند پر ویلی نے ان کا کیچ لیا۔ اس وقت پاکستان کا سکور 90 رنز تھا۔ پاکستان کا سکور ابھی 93 ہی تھا کہ پاکستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔ صہیب مقصود نے اس میچ میں بھی شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کر دیا اور بغیر کوئی سکور بنائے بولڈ ہو گئے۔
عادل رشید نے انھیں صفر پر آؤٹ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔ 107 رنز پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب عمر اکمل صرف تین رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 120 رنز کے سکور پر شعیب ملک بھی چلتے بنے اور اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری کے قریب فیلڈر کا شکار بن گئے۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ پلنکٹ کے حصے میں آئی۔ کپتان شاہد آفریدی نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ شروع کر دی اور ایک ہی اوور میں تین چھکے مار کر میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں کر دیا تاہم اٹھارہویں اوور کی آخری گیند پر آفریدی کیچ آؤٹ ہو گئے۔
انہوں نے صرف 8 گیندوں پر 24 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس کے بعد پاکستان کا سکور 162 رنز پر پہنچا تھا کہ سرفراز احمد دھوکا دے گئے اور غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ سرفراز احمد نے 20 رنز بنائے۔ میچ کے آخری اوور کی آخری گیند پر پاکستان کو جیت کیلئے چار رنز درکار تھے لیکن انور علی گیند کو مکمل مس کر گئے۔ یوں انگلینڈ نے یہ میچ تین رنز سے جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔
انگلینڈ کی جانب سے پلنکٹ نے 3، عادل رشید اور عادل رشید نے 2، 2 جبکہ ایس ڈی پیری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل انگلش ٹیم کے قائم مقام کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اے ڈی ہیلز اور جے جے روئے نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔ میچ کے پانچویں اوور میں انگلش ٹیم کا سکور ابھی 32 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ اے ڈی ہیلز اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ گیارہ رنز کے انفرادی سکور پر کپتان شاہد آفریدی نے انھیں ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔
میچ کے ساتویں اوور میں 47 کے سکور پر انگلینڈ ٹیم کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب جیسن روئے کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ جیسن روئے نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ ٹیم کا سکور ابھی 74 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ اس کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔ میچ کے گیارہویں اوور میں شعیب ملک کی گیند پر ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں جے ای روٹ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ کپتان آفریدی نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ روٹ نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ بارویں اوور میں پاکستان نے چوتھی وکٹ لینے کا چانس اس وقت گنوا دیا جب سہیل تنویر نے باؤنڈری کے قریب جے ایم ونس کا کیچ چھوڑ دیا۔ میچ کا تیرہواں اوور پاکستانی ٹیم کیلئے انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔
شعیب ملک کے اس اوور میں برطانوی بلے بازوں نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔ تاہم اس سے اگلے ہی اوور میں بوم بوم آفریدی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو کامیابی دلا دی۔ 109 کے سکور پر انگلش ٹیم کو جے ایم ونس کا نقصان اٹھانا پڑا جو اس وقت شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ ونس نے صرف 24 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ آفریدی کی گیند پر راحت علی نے ان کا کیچ لیا۔ سولہواں اوور بھی انتہائی مہنگا ثابت ہوا جب سہیل تنویر کی گیندوں پر انگلش کپتان جوز بٹلر نے لگاتار دو چھکے مار کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
سترہویں اوور میں عمر اکمل نے باؤنڈری کے بالکل قریب برطانوی بلے باز بلنگز کا انتہائی مشکل کیچ پکڑ لیا۔ یوں 136 رنز پر انگلش ٹیم کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا۔ یہ کامیابی فاسٹ بولر وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔ اٹھارہویں اوور میں سہیل تنویر نے کپتان بٹلر کی وکٹ اڑائی۔ وکٹوں کے پیچھے وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔ جوز بٹلر نے بائیس گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ انیسویں اوور میں فاسٹ بولر راحت علی نے ایل ای پلنکیٹ کو چلتا کیا۔ ان کا کیچ بھی سرفراز احمد کے حصے میں آیا۔ اسی اوور میں سہیل تنویر نے انگلش بلے باز کا آسان کیچ چھوڑ بیٹھے تاہم اس سے اگلی ہی گیند پر ڈی جے ویلی شکار بن گئے اور باؤنڈری کے صہیب مقصود کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے 3، انور علی 2 جبکہ سہیل تنویر، وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلش بلے بازوں نے مقررہ بیس اوورز میں پاکستان کو جیت کیلئے 173 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ خیال رہے کہ دبئی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 161 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم 146 رنز ہی بنا سکی تھی۔