سڈنی: پاکستان مسلسل 6 ٹیسٹ میچز میں حریف ٹیموں کو دو بار آؤٹ کرنے میں ناکام رہا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز سے قبل یو اے ای میں ویسٹ انڈیزکے خلاف آخری ٹیسٹ اور دورہ نیوزی لینڈ کے دونوں میچز میں بھی گرین کیپس حریف ٹیم کو 2 بار آؤٹ کرنے میں ناکام رہے تھے۔ حالیہ سیریز کے میلبورن ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے 624 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ختم کر دی تھی۔ برسبین میں پہلی اننگز میں آل آؤٹ ہونے کے بعد کینگرو ٹیم نے 5 وکٹ پر 202 رنز بنا کر اپنی دوسری اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔سڈنی میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی آسٹریلیا نے 8 وکٹ 538 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی اور پاکستان پر فالو آن کی تلوار لٹک رہی ہے، یوں یہ مسلسل چھٹا میچ ہے جس میں پاکستان حریف ٹیم کی 20 وکٹوں کا خواب پورا کرنے کا موقع گنوا چکا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل 26 جنوری 2007 سے یکم مارچ 2009 تک پاکستانی بولرز مسلسل 8 میچز میں 20 وکٹیں حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔