ڈبلن: ٹیسٹ کرکٹ میں نوزائید آئرلینڈ کیخلاف فتح کا عزم لیے پاکستان ٹیم نے ڈبلن میں ڈیرے ڈال دیےبدھ اور جمعرات کو پریکٹس سیشنز میں صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
جمعے سے میزبانوں کی طویل فارمیٹ میں پہلی آزمائش شروع ہوگی،گرین کیپس آئرلینڈ کے تاریخی موقع کو ناخوشگوار بنانے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔ بیشتر ناتجربہ کار کرکٹرز پر مشتمل پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کیخلاف 2ٹیسٹ میچز میں ایک مشکلامتحان سے گزرے گی۔ اس سے قبل اپنی تاریخ میں پہلی بار طویل فارمیٹ کا میچ کھیلنے والے آئرلینڈ کیخلاف فتح اعتماد میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، باقاعدہ مقابلے شروع ہونے سے کئی روز قبل انگلینڈ کا رخ کرنے والے گرین کیپس پریکٹس سیشنز کے بعد ٹور میچ میں کینٹ کے مقابل ہوئے تھے،پہلے روز مہمان بیٹنگ لائن ناکامی کی تصویر بن گئی،امام الحق کے سوا کسی بیٹسمین کو مزاحمت کا حوصلہ نہیں ہوا، اگلے 2 روز بارش کی نذر ہوئے،آخری دن لنچ کے بعد کھیل ممکن ہوا جس میں پاکستانی بولرز بھی رنگ نہیں جما سکے، البتہ نارتھمپٹن شائرکیخلاف دوسرے وارم اپ میں اچھی پریکٹس کا موقع ملا۔
اسد شفیق نے اپنے بیٹ سے گرد جھاڑی، شاداب خان نے اسپن بولنگ سے میزبانوں کو تگنی کا ناچ نچایا،فتح کے باوجود بیٹنگ اور بولنگ میں بہتری کی گنجائش نظر آئی، ٹیم گذشتہ روز ڈبلن پہنچ گئی جہاں بدھ اور جمعرات کو پریکٹس سیشنز شیڈول ہیں،آئرلینڈ کیخلاف واحد ٹیسٹ جمعے کو شروع ہوگا، اس سے قبل پریکٹس میں پاکستانی کرکٹرز اپنی صفیں درست کرنے کی پوری کوشش کرینگے۔