اسلام آباد: خواجہ آصف کے عمران خان کی تیسری شادی پر بیان سامنے آنے پر تحریک انصاف کے راہنما عثمان ڈار نے سخت ترین رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ گوادر سے چین تک نواز شریف کی ترقی کا دعوی جھوٹا اور مضحکہ خیز ہے پاکستان سے لندن دبئی اور برطانیہ تک کرپشن ہی نواز شریف کی حقیقت ہے گوادر سے چین تک ترقی کا قصہ سنانے سے پہلے ملکی سفارکاری کا حال دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر لمحے عالمی سطح پر پاکستان پر دباو بڑھ رہا ہے بین الاقوامی لابنگ کی بجائے نواز شریف کی خوشامد میں وقت ضائع کیا جا رہا ہے, خواجہ آصف نے خوشامد کے چکر میں بے حسی اور ڈھٹائی کی انتہا کر دی ہے۔ سفارتکاری پر دھیان دینے کی بجائے وزیر خارجہ رنگینیوں میں مصروف ہیں,
عمران خان کی شادی پر تنقید سے پہلے خواجہ آصف تھوڑی سی شرم حیا کر لیں۔ سیالکوٹ میں چھپ چھپا کر جو کچھ کیا جا رہا ہے ہم سب جانتے ہیں, نئے نئے نوٹیفکیشن اور عہدوں کے پیچھے چھپی حقیقت آشکار کی تو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
خواجہ آصف سے بہتر تھا ملک کا وزیر خارجہ ہوتا ہی نہ۔ نواز شریف نے ملکی وقار کے لئے کچھ کیا ہوتا تو وزیروں کو بتانا نہ پڑتا۔ نواز شریف نے اب تک جو کیا وہ بچے بچے کی زبان پر ہے, ایک شخص نے وزارت عظمی کی خاطر ملکی سلامتی داو پر لگا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف شرم کریں اور پاکستان کی بہتری کے لئے کامیاب سفارتکاری کی راہ تلاش کریں ۔