پشاور (یس ڈیسک) کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات میں سانحہ پشاور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے اس واقعہ نے قوم کو نیا عزم دیا ہے۔ پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کی دوسری نسل بھی وطن کیلئے لہو دے رہی ہے۔ درندوں پر پاک سرزمین تنگ کر دیں گے۔ دہشتگردوں سے اپنے بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب بھی لیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں نے پاکستان کے مستقبل کو نشانہ بنایا۔ واقعہ پرلے درجے کی بزدلی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں اور دعائیں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔