ریاض (امتیاز احمد، نمائندہ خصوصی) پاکستان تھنکرز فورم اور پاکستان پیپلز پارٹی الریاض کی جانب سے کرونا وائرس کے عالمی اور پاکستانی معیشیت پر اثرات کے حوالے سے آن لائن سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی، دینی اورادبی تنظیموں کے اکابرین کے علاوہ پاکستان کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے ویڈیو لنک کے زریعے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ سے مشہور پاکستانی ماہر معیشیعت زیشان ھاشم کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پاکستان اور مغربی ممالک کی سٹاک مارکیٹیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے صنعتیں اور کاروبار کا کھلنا ناگزیر ہےاور یونہی معاشی ترقی کا پہیاحرکت کرے گا، مگر موجودہ صورتحال میں سرمایہ کار خوفزدہ ہیں کہ وائرس کی تباہ کاریاں بڑھ سکتی ہیں اور ان کا سرمایہ خطرے سے دوچار ہو سکتا ہے، کرونا وائرس کی وبا نے ہوابازی کی صنعت کے ساتھ سیروسیاحت کو بھی بہت بری طرح متاثر کیا ہے، تاریخی و تفریحی مقامات، میوزیم، ریستوران اور ہوٹل سب بند اور ان سے وابستہ افراد بے روزگار ہیں، اگر حکومت پاکستان نے بروقت موثر اقدامات نہ کیے تو معاشی بدحالی کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری سے مرنے والوں کی تعداد کورونا وائرس کے متاثرین سے زیادہ ہوگی۔تقریب سے تھینکرز فورم کے صدر رانا خالد، پیپلز پارٹی الریاض کے صدر احسن عباسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔