اوسلو (پ۔ر) پاکستان یونین ناروے جشن آزادی پاکستان کے موقع پراہم شخصیات کو مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات پر ایوارڈ دے گی۔
ایوارڈز کے لیے نامزدگی پاکستان یونین کی ایوارڈ کمیٹی نے دی جس کا اجلاس گذشتہ روز یونین کے اوسلو میں مرکزی دفتر میں ہواجس کی صدارت یونین کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال نے کی۔
اگرچہ کمیٹی نے ایوارڈ ز کے لئے نامزد شخصیات کے ناموں کو میڈیا کے لیے ابھی جاری نہیں کیا لیکن یہ بات واضح ہے کہ اس بار ناروے کے علاوہ یورپ کے دیگر ممالک اور پاکستان سے بھی اہم شخصیات کو انکی نمایاں کارکردگی کی وجہ سے ایوارڈ دیئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ یوم آزادی پاکستان کی تقریب کی تیاریاں بھی حتمی مراحل میں پہنچ چکی ہیں۔ لوگوں سے رابطے جاری ہیں اور مہمانوں کی طرف ان کی شرکت کے لیے تصدیق کا عمل بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
پروگرام کے منتظمین نے متعلقہ افراد کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ اس بار اوسلو میں یہ تقریب سولہ اگست کی شام پانچ بجے منعقد ہو گی جس میں ناروے اور پاکستان دونوں سے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔