اوسلو (پ۔ر) پاکستان یونین ناروے نے اعلان کیاہے کہ یونین نے اپنے سالانہ پروگرام’’ جشن آزادی پاکستان ‘‘کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ یونین کے زیراہتمام اس بار جشن آزادی کا پروگرام سولہ اگست کو اوسلومیں ہو گا۔ جشن آزادی کے پروگرام کو ترتیب دینے کے لیے پاکستان یونین ناروے کی طرف سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مرتبہ بھی مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پرحسب روایت اہم شخصیات کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے بتایا کہ ایوارڈ کے لیے اہم شخصیات کے نام زیرغور ہیں جن کا اعلان بہت جلد کردیاجائے گا۔پاکستان یونین ناروے نارویجن پاکستانیوں کی وہ پہلی تنظیم ہے جس نے ناروے میں ایوارڈ دینے کا سلسلہ سب سے پہلے شروع کیااور اب تک متعدد شخصیات کو ان کے کارہائے نمایاں پرایورڈ دیئے جاچکے ہیں۔پاکستان یونین ناروے کے جشن آزادی کے سالانہ پروگرام میں پاکستان اور ناروے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، سیاسی زعماء، دانشورخواتین وحضرات و ثقافتی اور سماجی شخصیات شریک ہوتی ہیں۔ پروگرام کا مقصد پاکستانی ثقافت کو اجاگرکرنا اور ناروے اورپاکستان دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
اس بار بھی اہم شخصیات پاکستان سے اس پروگرام میں شریک ہوں گی اورناروے سے بھی اہم شخصیات کو مدعو کیاگیاہے۔پروگرام کے پہلے حصے میں تقاریرکے بعد دوسرا حصہ ثقافتی پروگرام کے لیے مخصوص ہوتاہے۔ درایں اثناء پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال سے یہاں اوسلومیں ان کے قریبی اوردیرینہ دوست چوہدری منشاء خان نے ملاقات کی جن سے پروگرام کے انتظامات کے سلسلے میں صلاح و مشورہ کیا گیا ہے۔
جشن آزادی پاکستان کے پروگرام کے سلسلے میں پاکستان یونین ناروے کا مختلف اداروں اور افراد سے رابطہ جاری ہے۔بہت جلد پاکستانی کمیونٹی کو بھی دعوت نامے جاری کردیئے جائیں گے۔ یہ اپنی نوعیت کاواحد پروگرام ہوتاہے جس میں لوگ خصوصاً فیملیز بڑے ذوق و شوق سے شرکت کرتی ہیں۔ان کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی، مذہبی، ثقافتی اور سماجی تنظیموں کی نمائندگی بھی موجود ہوتی ہے۔