لاہور(ویب ڈیسک ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت ستمبر کے دوسرے ہفتے سے شروع ہو جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس میں مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیریز کی تیاریوں پر چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کی زیرسربراہی پہلی میٹنگ میں تمام شعبوں کے ذمہ داران نے شرکت کی جنہیں فول پروف انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ سیکیورٹی اورلاجسٹک کے حوالے سے متعلقہ محکموں سے رابطوں میں تیزی لانے اور’لوگو‘ کی مارکیٹنگ کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی، ہر ہفتے اس حوالے سے اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی گئی، تمام شعبوں کے اپنے متعلقہ حکومتی محکموں اور اداروں سے باقاعدگی سے رابطے رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، سری لنکن ٹیم25 ستمبر کوکراچی پہنچے گی۔ون ڈے سیریز کے تینوں میچز شہر قائد میں منعقد ہوں گے،اس کے بعد مہمان سائیڈ ٹوئنٹی 20 سیریز کیلئے لاہور کا سفر کرے گی۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق ریکارڈ 128ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کا ریکارڈ برابر کرنے پر علیم ڈار کے اعزاز میں تقریب لاہور میں سجائی گئی۔آئی سی سی الیٹ پینل میں شامل 3بار سال کا بہترین امپائرکا اعزاز حاصل کرنے والے علیم ڈار نے سب سے زیادہ ٹیسٹ سپروائز کرنے کا اسٹیو بکنر کا ریکارڈ گذشتہ دنوں برابر کیا تھا،ان کے مجموعی انٹرنیشنل میچز 377ہوچکے،روڈی کوئٹزن 331ٹیسٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔لاہور میں تقریب کے دوران علیم ڈار کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ میں نے اسٹیو بکنر کو دیکھ کر امپائرنگ شروع کی اور اب ان کا ریکارڈ برابر کرنا اعزاز کی بات ہے، علیم ڈار نے پی سی بی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ امپائرز اور ریفریز کی میچ فیس میں اضافہ کرے تاکہ پاکستان سے مزید ایلیٹ پینل امپائرز سامنے آسکیں، سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا کہ علیم ڈار فخر پاکستان ہیں۔قومی ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی نے کہا کہ پی اینڈ ٹی جیمخانہ نے پاکستان کو کرکٹرز اور امپائرز ہی نہیں آرگنائزرز بھی دیے ہیں۔