وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کو کمزور کرنے سے دہشت گردی کیخلاف جنگ کو نقصان ہوگا ۔میڈیا سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کا مطلب وار آن ٹیرر کو کمزور کرنا ہے،اگر پاکستان کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو گا تو اس سے انتہا پسندوں کے خلاف کاروائی متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کی مالی امداد روکنے سے پاکستان کی مالی مشکلات میں زیادہ اضافہ نہیں ہو گا،اسلام آباد اپنی ضروریات سے آگاہ ہے۔مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان کو امریکا کی طرف سے ایک ارب ڈالر منتقل ہوئے، جس میں سے 55کروڑ کولیشن سپورٹ فنڈ کا حصہ تھا جبکہ 45کروڑ ڈالر کی امداد دی گئی تھی۔