کولکتہ…….پاکستان کرکٹ ٹیم نے مشن کولکتہ کا آغاز کردیا ہے ، قومی ٹیم نے بھارت پہنچنے کے بعد پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ، فاسٹ بولر محمد سمیع پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہوگئے ، پاکستان ٹیم کل سری لنکا کے خلاف واحد وارم اپ میچ کھیلے گی
پاکستان کرکٹ ٹیم نے کولکتہ کے ایڈین گارڈنز میں ساڑھے تین گھنٹے تک پریکٹس کی، پریکٹس سیشن میں کھلاڑیوں نے روایتی بیٹنگ اور بولنگ کے علاوہ فیلڈنگ خاص طور پر ڈائریکٹ ہٹ کی بھی پریکٹس کی ۔بولرز نے حریف بیٹسمینوں کے قدم اکھاڑنے کے ارادوں کو مستحکم کرتے ہوئے ایک اسٹمپ پر بولنگ کرائی جبکہ بیٹسمینوں نے پاور ہٹنگ کی۔پریکٹس سیشن میں بولر محمدسمیع بیٹنگ کرتے ہوئے نیٹ بولر کی گیند لگنے سے زخمی ہوگئے ، سمیع کو پیر کے انگوٹھے میں گیند لگی ہے تاہم ٹیم مینجمنٹ پر امید ہے کہ محمدسمیع دو روز میں مکمل فٹ ہوجائیں گے ۔محمد سمیع پیر کو سری لنکا کیخلاف ہونیوالے وارم اپ میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے ۔۔۔ ایڈین گارڈنز کولکتہ میں ہونیوالا پاکستان اور سری لنکا کا میچ دن ڈھائی بجے کھیلا جائے گا۔