اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) انسٹیٹوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے تحقیقاتی کام کی نگرانی کرینگے۔ انشاء اﷲ پاکستان علاقائی و عالمی امور کے حوالہ سے بین الاقوامی معیار کی تحقیق کو سامنے لائے گا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے آج انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز سے وابستہ محققین کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سپیشل سیکرٹری معظم احمد خان، ڈی جی فارن سروس اکیڈمی ندیم ریاض کے علاوہ وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر خارجہ کو انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کی کارکردگی اور پبلیکیشنز کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج انسٹیٹوٹ آف ریجنل سٹڈیز کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں علاقائی اور عالمی چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے بین الاقوامی سطح کی تحقیق کو منظر عام پر لانا ہو گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کووڈ۔19 نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے اس عالمی چیلنج سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ انسٹیٹوٹ آف ریجنل سٹڈیز، کورونا وباء کے علاقائی و عالمی اثرات اور ان کے تدارک کیلئے قابل عمل تجاویز کو سامنے لائیں گے۔