اسلام آباد ،،،(رپورٹ ،اصغر علی مبارک سے )دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمدفیصل نے کہاہے کہ پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لیکن وہ اسے مناسب اقدام نہیں سمجھتا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام مسائل پُرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کاخواہشمند ہے۔ترجمان نے کہاکہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں امن کیلئے خطرہ ہیں۔
انہوں نے بھارت پرزوردیاکہ وہ پاکستان اور بھارت کے بارے میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق اپناکردار ادا کرنے کی اجازت دے۔دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمدفیصل نے کہا کہ بھارت فوجی ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی آوازدبانے میں کامیاب نہیں ہوگا۔
ترجمان نے کہاکہ کشمیرکے تنازع کاواحدحل مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام رائے شماری کے انعقاد میں مضمر ہے جس کاسلامتی کونسل کی قراردادوں میں وعدہ کیاگیاہے۔ڈاکٹرمحمدفیصل نے کہاکہ بھارت کے حالیہ بیانات سے اس کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے کیونکہ اس کی تشدد آمیزپالیسیاں کارآمد ثابت نہیں ہورہی ہیں۔