میرانشاہ: پاکستان الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے 253 رنز بنائے ، یوکے میڈیا الیون 7 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنا سکی
پاکستان الیون نے یوکے میڈیا الیون کو دوستانہ ٹی ٹونٹی میچ میں 133 رنز سے شکست دے دی ۔ میرانشاہ میں کھیلے جانیوالے میچ میں پاکستان الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 253 رنز سکور کئے، پاکستانی بلے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرائونڈ میں چاروں طرف سٹروکس کھییلے، کامران اکمل اور عمر امین کی جانب سے دھواں دھار اننگز کھیلی گئیں، دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں اور اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شاہد آفریدی گرائونڈ میں آئے تو شائقین نے ان کا زوردار تالیاں بجا کر استقبال کیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں فلک شگاف چھکے لگائے جس سے شائقین بہت محظوظ ہوئے۔ ہدف کے تعاقب میں یوکے میڈیا الیون کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز سکور کر سکی۔ اس طرح پاکستان الیون نے یہ میچ 133 رنز سے جیت لیا ۔ میچ کے اختتام پر گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔