ہرارے : پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 15 رنز سے شکست دے کر 2 میچز پر مشتمل سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم 7 وکٹوں پر 121 رنز ہی بنا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں میزبان اوپننگ بلے باز ہیملٹن مساکدزا اور چامو چیباہا نے محتاط انداز میں اننگ کا آغاز کیا تاہم چیباہا 7 کے مجموعے پر سہیل تنویر کا شکار بن گئے جس کے بعد مساکدزا بھی 9 رنز بنانے کے لئے پویلین لوٹ گئے، سکندر رضا 36،کپتان ایلٹن چکمبورا 36، لیوک جونگوی 8، کریگ ایرون ایک اور رشمنڈ مٹمبامی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سین ولیمسن 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور عمران خان جونیئر نے 2،2 جب کہ سہیل تنویراور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے عمر اکمل کو مین آف دی میچ اور عماد وسیم کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔