اسلام آباد(ایس ایم حسنین) چین میں متعین پاکستانی سفیر معین الحق نے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی برائے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر سونگ تاؤ کو پاکستان کے دوسرے اعلٰی ترین سول ایوارڈ ہلالِ پاکستان سے نوازا۔ بیجنگ میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سونگ تاؤ نے پاکستان اور چین کے مابین سدا بہار اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے اوردو طرفہ عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین تبادلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مزید برآں انہوں نے پاکستان چائینہ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے دوسری سی پیک پولیٹیکل پارٹیز جوائینٹ کنسلٹیشن میکانزم کانفرنس کے انعقاد میں بھی قابلِ قدرکردار ادا کیا ہے۔