اسلام آباد(ایس ایم حسنین) علاقائی رابطے معاشی ترقی کے لیے از حد ضروری ہیں اور چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری نے خطے میں رابطوں کے زبردست مواقع پیش کیے ہیں۔ یہ بات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں ملاقات کیلئے آنے والے قازقستان میں پاکستان کے نامزد سفیر سجاد احمد سے کہی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نامزد سفیر سجاد احمد سہیڑ کو قازقستان میں تقرری پر مبارکباد دی ۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ قازقستان بھی چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری سے مستفید ہوسکتا ہے ۔ نامزد سفیر دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لیے کوششیں کریں صدر عارف علوی نے سیاسی ، تجارتی ، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں قازقستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔