پیرس (زاہد مصطفی اعوان) بلدیہ بارسلونا میں ’’بارسلونا ان کمیون ‘‘اتحاد نے ’’سیوتات بیا‘‘میں پاکستانی نژاد ہسپانوی مشیر (کونسیرا)ڈاکٹر ہماجمشید کو انکے عہدے سے فارغ کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ہماجمشید کو انکے عہدے سے فارغ کر نےپر ’’ان کیمون‘‘گروپ کا موقف ہے کہ اتحادنے یہ مشکل ترین فیصلہ کیا ہے۔
کیونکہ سیوتات بیا سے نامزد مشیر اپنے عہدے سے انصاف نہیں کرپائیں اور اپنی اہلیت کو ثابت نہیں کرسکیں اور دوران ذمہ داری اپنے سیاسی اعتماد کو مجروح کیا اور ان میں اہلیت کی کمی کی وجہ سے انکے حصے کاکام بھی دیگر ڈائریکٹرز کو کرنا پڑتاتھااور ’’ان کمیون‘‘سیوتات بیا‘‘بارسلونا نے اس مسئلے کا اندرونی طور پرحل نکالنے کی کوشش کی۔
مگر ناکامی ہوئی اور اس مسئلے کی شفافیت کوبرقرار رکھنے کیلئے سیوتات بیا کی ضلعی اسمبلی میں ووٹنگ کوذریعہ بنایا گیا۔گروپ کا موقف ہے کہ جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ ’’بارسلونا این کمیون‘‘بارسلونا بلدیہ میں ایک اقلیتی گروپ ہے اور اس کے کونسلرز کو دیگر کونسلرز کے مقابلے میں دوگنا کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔
دوسری جانب بارسلونا سینٹر کا علاقہ ’’بارسلونا این کمیون‘‘ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لہذا اتحاد کو مجبوراََ انتہائی دکھ اوربوجھل دل کے ساتھ یہ کڑوا گھونٹ پینا پڑا۔یادرہے کہ ’’بی بی سی اپ ڈیٹ‘‘نے اس مسئلے پر ڈاکٹر ہماجمشید کا موقف جاننے کیلئے فون اور واٹس اپ پر رابطہ کیا مگر فون بند ملا اور واٹس اپ پر کال اٹینڈ نہ ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ہماجمشید کا موقف ہے کہ ان کو کام سے روک دیا گیا ہے مگر ابھی تک انہیں بارسلونا کی میئر آداکولاؤ کی جانب سے فارغ کئے جانے کا نوٹس نہیں ملا ہے۔