اسلام آباد(ایس ایم حسنین) اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے مونٹریال، ٹورنٹو اور اوٹاوا میں پاکستان کے قونصل جنرلز کے ہمراہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی شہریوں کےلیے ای کچہری کا انعقاد کیا ۔اس موقع پر بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے ورچوئل فارمیٹ سیشن میں ہائی کمشنر کو اپنے مسائل اور مطالبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے افتتاحی اور اختتامی کلمات میں کمیونٹی کا خیر مقدم کرتے ہوئے انھیں ورچوئل سیشن میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کی اور ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالحمید نے اس کچہری کی کارروائی کو آگے بڑھایا۔ پاکستانی برادری نے ماہانہ کی بنیاد پر ای کچہری کے انعقاد پر پاکستانی ہائی کمیشن کے اقدام کو سراہا ۔