سڈنی(نیوز ڈیسک ) پاکستان کی بھی ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے میں دلچسپی ختم ہونے لگی، کرکٹ آسٹریلیا نے پی سی بی کو منانے کی کوششیں تیز کردیں، کھلاڑیوں کو ایک ملین ڈالر کا خصوصی پیکج بھی دیا جا سکتا ہے۔آسٹریلیا ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے تسلسل سے انعقاد کیلئے کوشاں تاہم مہمان سائیڈز مسلسل انکار کررہی ہے، گذشتہ برس بھارت نے رات کو پنک گیند سے طویل طرز کی کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا(سی اے) کو امید تھی کہ رواں برس پاکستانی ٹیم ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلے گی۔آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی اس پر تیار بھی ہوگیا تھا تاہم آسٹریلیا کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار پر پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا پر واضح کر دیا کہ وہ نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیل سکتا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آسٹریلیا سے گزشتہ ماہ یو اے ای میں کھیلی جانے والی 5 ون ڈے کی سیریز کے 2 میچز اپنے ملک میں کھیلنے کی درخواست ہوئی تھی جسے سی اے نے اپنے سکیورٹی ماہرین بھیجے بغیر ہی مسترد کردیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیاکہ جس طرح کرکٹ آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں تاریخ کے پہلے نائٹ ٹیسٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مہمان پلیئرز کو ایک ملین ڈالر کا خصوصی پیکج دیا تھا، ایسا اس بار بھی کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی اس موسم گرما کی اپنی دوسری مہمان سائیڈ نیوزی لینڈ کو پرتھ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر راضی کرچکا ہے۔ادھر کرکٹ آسٹریلیا پر بھارت کی جانب سے بھی دباؤہے کہ وہ جنوری میں ون ڈے سیریز کیلئے اپنی ٹیم ان کے ملک بھیجے، گذشتہ 40 برس کے دوران کبھی بھی کینگروز نے اپنے ہوم سیزن کے دوران کسی دوسرے ملک کا ٹور نہیں کیا، اسی لیے بھارتی مطالبے پر بھی حکام پریشانی میں مبتلا ہیں۔