فلم دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کا ایک روپ ہے: فلمساز و ہداتیکار حسن وقاص رانا
کراچی : فلمساز، ہدایتکار اور اداکار حسن وقاص رانا نے کہا کہ ہم نے شیڈول کے مطابق فلم “یلغار” کی تشہیری مہم کا آغاز راولپنڈی میں رنگا رنگ تقریب اور پریمیئر شو سے کر کے انڈسٹری میں فلم یلغار کی نمائش کے بارے میں پھیلائی جانیوالی غیر یقینی ریلیز کی خبروں کا باب بند کر دیا ہے۔ عید الفطر کے دن ملکی فلموں کی ریلیز سے پاکستانیوں کو حب الوطنی کے جذبے کیساتھ تفریحی فلمیں بھی دیکھنے کو ملیں گی۔ فلم یلغار دہشتگرد ی کیخلاف جاری جنگ کا ایک روپ ہے جس میں امن کیساتھ دہشتگردوں کو ان کا اصل چہرہ دکھایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب فلم یلغار کے حوالے سے ہونیوالی تقریب میں نمائندہ دنیا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شو سے قبل تقریب میں سابق ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور ، سلطانہ صدیقی، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، بلال اشرف، طحہ غنی، نعیم الحق، عائشہ عمر، ثنا بچہ، جویریہ حسن ودیگر نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ مذکورہ فلم کے دیگر شوز لاہور اور کراچی کیساتھ ساتھ بیرون ملک بھی منعقد کئے جائینگے۔