پیرس: 39 ویں چار روزہ ٹیکس ورلڈ نمائش کا 12 ستمبر2016ء کو افتتاح ہوا جس میں پاکستانی برآمدکنندگان نے حصہ لیتے ہوئے اپنی صنعتی مصنوعات کا سٹال لگایا جسے ہزاروں افراد نے جو کہ نمائش میں آئے ہوئے تھے بہت پسند کیا اور سٹال عوام کی دلچسپی کا مرکز بنا رہا۔ پاکستانی سٹالز پر خاص طور پر کاٹن اور کاٹن سے بنی ہوئی اشیاء جن میں کپڑے اور تیار شدہ ملبوسات شامل ہیں کی 33سے زائد پاکستانی صنعتی مل مالکان نے اپنی اپنی کاٹن سے بنی ہوئی اشیاء کی نمائش کی جو لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بنی رہیں۔ علاوہ ازیں نمائش میں 26 سے زائد ممالک کے آئے ہوئے تجارت پیشہ افراد نے پاکستانی سٹال کا دورہ کیا اور انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے معیار کو سراہا اور ان مصنوعات کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر جناب معین الحق، سفیر پاکستان پیرس نے بھی پاکستانی سٹال کا دورہ کیا اور پاکستان کی جانب سے نمائش میں سٹال لگائے جانے والے منتظم سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جن کمپنیوں نے اس نمائش میں حصہ لیا ہے ان کا شمار دنیا کی اعلی ترین فیشن کمپنیوں میں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی صنعت کار پاکستانی مصنوعات کو دنیا میں متعارف کرانے کا ایک اہم ترین ذریعہ ہیں جو نہ صرف فرانس بلکہ پورے یورپ میں پاکستانی مصنوعات کے کاروبار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے ٹی وی اور اخبارات کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بہت سے ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے مستقبل میں پاکستانی صنعت اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ تمام صنعتی اداروں کو بلا تعطل بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ صنعتی اداروں سے صنعتی مصنوعات کو منڈیوں تک لے جانے کیلئے نئی سڑکو ں کا جال بچھایا جائے گا جو پاکستانی صنعتی ترقی کا باعث بنے گا۔
جناب سفیر نے پاکستانی ٹریڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے اور کمرشل کونسلر سے کہا کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے میں ایکسپورٹرز کی ہر قسم کی مدد کریں اور فرانس میں آئیندہ صنعتی نمائش میں مزید بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔