دبئی: دبئی میں مقیم پاکستانی اپنا قیمتی سامان ملک بھجوانے کیلئے خوار ہوگئے۔ سامان کی ترسیل کرنے والی کمپنی ’’الہلال کارگو‘‘ کی نااہلی کے باعث درجنوں پاکستانیوں نے دبئی میں احتجاج کیا اور پاکستانی حکومت کے علاوہ دبئی حکام سے بیٹیوں کے جہیز کی اشیاءواگزار کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنی جمع پونجی سے خریدے ہوئے سامان کو پاکستان پہنچانے کیلئے جعل سازوں کے چنگل میں پھنس گئی جس کے باعث گزشتہ روز دبئی میں درجنوں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے کارگو کمپنی الہلال کارگو کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا، اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ بہت سے افراد نے اپنی بچیوں کی شادی کیلئے سامان دبئی سے کراچی پہنچانے کیلئے الہلال کارگو کمپنی میں بکنگ کروائی تاہم کروڑوں روپے کی ادائیگی کے باوجود انہیں سامان نہیں ملا۔
ایک پاکستانی نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا 40 سے 50 لاکھ روپے کا سامان ہے جس میں میری بچی کی شادی کا جہیز بھی ہے اور یہ سامان کارگو کمپنی میں جمع کرائے 4 مہینے گزر گئے ہیں مگر ابھی تک سامان نہیں ملا۔
ایک اور پاکستانی نے کہا کہ میں نے جون میں سامان جمع کروایا تھا جس کی قیمت 40 سے 50 لاکھ روپے ہے اور کارگو کمپنی کو یہ سامان کراچی پہنچانے کیلئے 15 ہزار درہم دئیے تاہم اب سامان بھی واپس نہیں مل رہا۔ ایک اور پاکستانی نے شکوہ کیا کہ پانچ لاکھ روپے کا سامان ہے جو جمع کروائے 2 مہینے ہو گئے ہیں جبکہ کافی دن سے ٹریس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر ابھی تک کچھ نہیں ملا۔ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے دبئی میں پاکستانی سفارتخانے اور دبئی حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کا قیمتی سامان واگزار کروانے میں ان کی مدد کی جائے۔