بیجنگ : دنیا بھر میں پاکستان کے تیارکردہ ہتھیاروں کی مانگ بڑھتی جارہی ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان چین کے مشترکہ تعاون سے تیار کردہ ایچ جے ایٹ ٹینک شکن میزائل20 ممالک کو برآمد کررہا ہے۔
چین کی ایک معروف ویب سائٹ وانٹ چائنا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان یہ ٹینک شکن میزائل چین سے حاصل ہونے والے لائسنس کے تحت تیار اوربرآمد کررہا ہے، پاکستان نے ان ٹینک شکن میزائلوں کو80 کی دہائی میں استعمال ہونے والے امریکی ساختہ ٹینک شکن میزائل کے متبادل کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایچ جے ایٹ ٹینک شکن میزائل ٹارگٹ کو نشانہ بنانے میں امریکی میزائلوں سے کئی گنا بہتر ہیں اور پاکستان اب تک 20 ممالک کو10 ہزار ایچ جے ایٹ ٹینک شکن میزائل فروخت کرچکاہے۔
پاکستان جن ممالک کو یہ ٹینک شکن میزائل فروخت کر رہا ہے ان میں بنگلہ دیش، مصر، بولیویا، کینیا، ملائشیا، مراکش، ایکواڈور، شام، سوڈان، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اورچین کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ حاصل ہونے کی وجہ سے مستقبل میں پاکستان کو اسلحہ سے متعلق مزید ٹیکنالوجی ملنے کی امید ہے۔
دوسری جانب بیجنگ کے سینا ملٹری نیٹ ورک کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت دونوں ممالک مشترکہ طور پر تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر جیٹ طیاروں کی ٹیکنالوجی کو بھارت اور امریکا تک رسائی سے محفوظ رکھیں گے۔ ویب سائٹ کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر کا بلاک ٹو ورژن چین میں ژیاؤلونگ ایف سی ون کے نام سے تیار کیا گیا ہے اور پاکستانی فضائیہ کا حصہ بن چکا ہے جس میں سافٹ ویئر کی بہتری اور ہوا میں ایندھن بھرنے کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کا معائنہ کرنے کے درخواست بھی کی تھی جسے پاکستان نے مسترد کردیا تھا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر امریکا کے ایف 16 طیاروں سے قدرے بہتر ہے کیونکہ یہ وزن میں ہلکا، دشمن کے ریڈار پر کم نمایاں ہوتا اور ایندھن کے اضافی ٹینک بھی لے جاسکتا ہے، اس کے علاوہ فضا سے فضا تک مار کرنے والے 4 میزائل لے جاسکتا ہے جو ریڈار سے رہنمائی لیتےہیں۔
جے ایف 17 تھنڈر کے حوالے سے پاک فضائیہ کی مارکیٹنگ ٹیم کے سربراہ ائیر کموڈور خالد محمود کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 7 ہزار گھنٹے کی پروازیں کی گئیں جس میں اس طیارے کی پرواز اور کارکردگی کو بہت موثر دیکھا گیا۔