بحرین (یس ڈیسک) پاک بحریہ نے بحری قذاقی کی روک تھام کے لیے قائم 30 ممالک کی کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کی کمان چھٹی بار سنبھال لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاک بحریہ سب زیادہ بار یہ اعزاز حاصل کرنے والی فوج بھی بن گئی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کثیرالملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس کی کمان کی تبدیلی کی تقریب بحرین میں منعقد ہوئی۔
کموڈور آصف حمید صدیقی نے تھائی لینڈ بحریہ سے ٹاسک فورس 151 کی کمان حاصل کی۔ کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 بحری قزاقی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے 2009 میں قائم کی گئی تھی۔ اس فورس میں پاکستان، امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، جنوبی کوریا، ترکی اور متحدہ عرب امارات سمیت تیس ممالک کی شپس شامل ہیں۔