ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کر سکیں گے ، وزارت مذہبی امور
اسلام آباد: سعودی وزارت حج نے ایام حج کے دوران تمام پاکستانی حاجیوں کو ٹرین کے ذریعے سفر کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے جس سے پاکستانی حاجیوں کے ٹرانسپورٹ سے متعلقہ بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے ۔ رواں سال مارچ میں متوقع مردم شماری کے بعد اگر پاکستان کی آبادی میں 2 کروڑ کا اضافہ ہوا تو پاکستان کا حج کوٹہ مزید 20 ہزار بڑھ جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے حج کوٹہ میں چند سال قبل مسجد الحرام کی توسیع کے سلسلہ میں جو 20 فیصد کٹوتی کی تھی اب وہ بحال کر دی گئی ہے جس کے تحت حج 2017ء میں ایک لاکھ 43 ہزار 368 کی بجائے ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے ۔ سعودی عرب نے حج کوٹہ کو آبادی سے مشروط کیا ہے جس کے تحت ایک ہزار افراد کی آبادی پر ایک فرد کا حج کوٹہ دیا جاتا ہے ۔ پاکستان کا موجودہ کوٹہ 18 کروڑ کی آبادی کے تناسب سے ایک لاکھ 80 ہزار مقرر ہے ۔