اسلام آباد(یس اردو نیوز) بیرون ممالک فضائی کمپنیوں میں پائلٹ کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے پاکستانیوں کو ان کے فرائض انجام دینے کے لیے کلیئر کرنے کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے اور ابتدائی طورپر اومان کی سلام ائرلائن کے 18پاکستانی پائلٹوں کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے لائسنس اور متعلقہ دستاویزات کی تصدیق کے بعد کلیئر کردیا گیا ہے ۔ اومان سول ایوی ایشن نے ان پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس کی تصدیق کیلئے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے درخواست کی تھی۔ سول ایوی ایشن پاکستان کے مطابق پائٹ کیپٹن فواد شہاب ، شیخ سیف اللہ ، محمد بلال ملک، محمد جاوید اورمحمد راشد کو کلیئرقراردے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن پاکستان کی جانب سے کیپٹن محمد اطہر اقبال محمد آصف، فرحان، بابرسلطان، فرخ بھٹی اورسجاد ملک کے لائسنس کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ سی آئی اے پاکستان میں کیپٹن ضیاء الحق ،نتاشہ سلطان، عباس رضوی اورعمر جعفر سمیت دیگرتین کپتانوں کے لائسنس کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے اس وقت اپنی ساکھ بچانے کے حوالے سے بحرانی دور سے گزر رہی ہے۔ یورپی یونین، امریکا اوردیگرکئی ممالک نے پائلٹس کی مشکوک ڈگری کے معاملے پر پی آئی اے کی پروازوں پرپابندی لگادی ہے۔ جس کے بعد پی آئی اے کا مالی خسارہ شدید تر ہونے جارہا ہے۔ پی آئی اے کی سیفٹی کے حالیہ معاملے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے اومانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ پی آئی اے کو ان کی فضائی حدود کے استعمال سے روکا جاسکتا ہے۔