پاکستانی سیاست پردختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی گہری چھاپ آج بھی موجود ہے، ان کی برسی پوری دنیا میں عقیدت واحترام سے منائی جائیگی، مرزا عتیق الرحمن
پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے مرکزی راہنما مرزا عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست آج بھی محترمہ شہید کے بغیر نامکمل ہے ان کا طرز سیاست اور بلند خیال حریفوں کو بھی ان کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پرمجبور کردیا کرتی تھی۔ آج اپوزیشن کا بیانیہ انتہائی کمزور ہے اور میاں محمد نواز شریف اور ان کی ہونہار ٹیم جس کو وہ بہت فخر کیساتھ پیپلز پارٹی پرتنقید کیلئے استعمال کرتے رہے ۔ اگر آج محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوتیں تو لندن میں مسلم لیگ ن کے راہنمائوں کو یوں سبکی نہ اٹھانا پڑتی۔ محترمہ شہید نے پاکستانی سیاست اور جمہوریت کو ہمیشہ ترویج وترقی کی راہ پرگامزن کیا اور آمروں کامقابلہ بہت شان سے کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج اپوزیشن ان کی کمی شدت کیساتھ محسوس کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محترمہ شہید کی بارہویں برسی پوری دنیا میں عقیدت واحترام سے منائی جائیگی۔ عالمی اداروں اور اقوام متحدہ میں بھی محترمہ شہید کی دانش وفہم وفراست کے گہرے نقوش موجود ہیں جنھیں کوئی آمریت یا جمہوریت کے پردے میں آمرانہ سوچ فراموش نہیں کرسکتی۔