پاکستانی قوال حاجی امیر خان جو اس وقت اپنے اہل خانہ سمیت برطانیہ میں مقیم ہیں، ان پر نامعلوم شخص نے حملہ کرکے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
اطلاعات ہیں کہ پاکستانی قوال پر حملہ کرنے والا شخص سیاہ فام تھا۔
لندن میں کسی پاکستانی پر حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی لندن سمیت برطانیہ کے دوسرے شہروں میں پاکستانی نژاد افراد پر حملے کیے جاتے رہے ہیں۔
پاکستانی قوال حاجی امیر خان کی بیٹی سلینا نے بتایا کہ ان کے والد پر گزشتہ روز ایک نامعلوم سیاہ فام شخص نے حملہ کرکے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
سلینا کا کہنا تھا کہ ان کے والد پر حملہ کرنے والے شخص نے معروف قوال کو پنچ مارے جس وجہ سے ان کے چہرے اور آنکھ کو کافی چوٹیں لگیں۔
حملے کے بعد حاجی امیر خان کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ انہیں ایک سیاہ فام شخص نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معروف قوال کی آنکھ پر پٹی لگی ہوئی اور وہ پولیس اسٹیشن میں موجود ہیں۔
حاجی امیر خان کی جانب سے شکایت کے بعد لندن پولیس نے ان پر ہونے والی حملے کی تحقیقات بھی شروع کردی۔
خیال رہے کہ حاجی امیر خان معروف قوال امجد صابری اور عزیز میاں قوال کے قریبی رشتہ دار ہیں۔
حاجی امیر خان پر حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا، جب 2 دن بعد امجد صابری کی برسی منائی جائے گی۔
امجد صابری کی برسی 22 جون کو منائی جاتی ہے، انہیں 2016 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں قتل کردیا گیا تھا۔