اسلام آباد: پاکستانیوں تیاری کر لو ،محکمہ موسمیات نے ٹھنڈی ٹھنڈی پیشگوئیاں کر کے خبردار بھی کر دیا ہے۔ پاکستان کے اکثر علاقوں میں بارشوں سے سردی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں برف باری اور بالائی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ آئندہ جمعہ تک جاری رہے گا۔وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ شب سے بونداباندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور سرد ہواؤں کے سبب ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔آج صبح اسلام آباد میں گھنے سیاہ بادل چھائے رہے اور درجہ حرارت بھی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لاہور میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور گزشتہ شب چند علاقوں میں بارش بھی ہوئی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی 85 فیصد رہے گا۔مری اور بالائی علاقوں میں برف باری ایک بار پھر شروع ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اٹک، ایبٹ آباد اور نتھیا گلی میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔پنجاب کے ضلع وہاڑی میں بھی وقفے وقفے سے بونداباندی کے ساتھ سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی گزشتہ شب بوندا باندی ہوئی ہے جس سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ نارھ ناظم آباد، ناظم آباد، بورڈ آفس، گولیمار، لیاقت آباد، گلشن اقبال، طارق روڈ، ملیر اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ شب بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی موسم سرد اور ابر آلود رہے گا۔ چند علاقوں میں بونداباندی کا بھی امکان ہے۔ کراچی کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کا موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر میں بارش یا بوندا باندی کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں موسم سرد اور ابر آلود رہے گا اور درجہ حرارت 24 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رات گئے بونداباندی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا، آج دن میں بارش یا بونداباندی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے بادلوں کا سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے ملک بھر میں بارشیں ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن، مالاکنڈ،ہزارہ،کوہاٹ،راولپنڈی،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ تک بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کے ساتھ بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہو گی۔ملک میں سردی کی لہر برقرار،کہیں بارش تو کہیں برف باری کا سلسلہ جاری،برفباری سے وادی نیلم،گریس اور لیپہ کا زمینی رابطہ دو ماہ سے منقطع ہے۔جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اشیا خورونوش کی قلت نے بھی مسائل بڑھا دیئے ہیں۔