کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے سائٹ میں واقع کپڑے کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، لاکھوں روپے کی مالیت کا کپڑا جل کر خاکستر ہو گیا، فائر بریگیڈ کی بارہ گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔
کراچی کے علاقے سائٹ حبیب چورنگی پر میں واقع کپڑے کی فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تمام فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فیکٹری میں موجود مزدوروں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے ناکام رہے اور بھاگ کر جان بچائی۔
موقع پر پہنچنے والی فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں ۔ فائر بریگیڈ کے عملے کے مطابق آگ پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے ۔بظاہر آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم لاکھوں روپے کی مالیت کا کپڑا جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔
دوسری جانب نیو کراچی کے علاقے میں واقع کپڑے کی فیکٹری میں بھی آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا جل کر خاکستر ہوگیا۔ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔