واشنگٹن ……..عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹوبورڈنے پاکستان میں معیشت کی بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹیکس محاصل میں اضافے اور بجلی پر سبسڈی کم کرنے کے اقدامات قابل تحسین ہیں ،مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو جو 2013 میں تین اعشاریہ سات فیصد تھی اب بڑھ کر چار اعشاریہ دو فیصد ہو گئی ہے۔پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس واشنگٹن میں ہوا۔بورڈ نے اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت میں بہتری کا خیرمقدم کیا ہے۔بورڈ نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستانی معیشت میں 2013 کے بعد بہتری آئی ہے۔بورڈ نے مالیاتی خسارے کو آٹھ اعشاریہ چار سے کم کر کے پانچ اعشاریہ چار فیصد تک لانے پر پاکستانی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔بورڈ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔آئی ایم ایف نے ٹیکس محاصل میں اضافے اور بجلی پر اعانت میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات کو بھی سراہا۔آئی ایم ایف بورڈ نے نقصان میں چلنے والے اداروں کی تنظیم نو کی بھی تعریف کی۔