چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ تعلیم پاکستان کے لیے ناگزیر ہے،پاکستان کا مستقبل صرف تعلیم سے وابستہ ہے۔
اسلام آباد میںتقریب سے خطاب میں عمران خان نےکہا ہے کہ پختونخوا حکومت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ، کے پی کے حکومت نے صوبے میں 40ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا ،سفارش پر ٹیچرز بھرتی کرکے ہم نے اپنی آئندہ نسل سے ظلم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تین نظام تعلیم ہیں، انگلش میڈیم، اردو میڈیم اور دینی مدارس، انگلش میڈیم سسٹم صرف اعلیٰ تعلیم کےلیے ہونا چاہئے۔ آپ کی تعلیم آپ کے معاشرے کے مطابق ہونی چاہئے، انگریزی کے ذریعے بچوں کو اپنے کلچر سےدور نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے اہم یہ ہے کہ ہم تعلیم کو اپنی ترجیح بنائیں، وفاق میں ہماری حکومت آئی تو کرپشن کا پکڑا گیا پیسہ تعلیم پرلگائیں گے۔ خیبرپختونخوا میں بننےوالے 70فیصدتعلیمی ادارے خواتین کے لیے ہیں، میں آج جو پڑھا لکھا ہوں وہ صرف اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نمل یونیورسٹی میں 75 فیصد بچے اردو میڈیم سے آتے ہیں، نمل یونیورسٹی میں اردو میڈیم سے آنے والے بچوں کا کردار متاثرکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا چاہے انفرااسٹرکچر بنا لیں، معاشرہ تعلیم کےبغیر اوپر نہیں آسکتا۔