اسلام آباد (ویب ڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سابق چیئرمین اور پرویز مشرف کے وکیل ڈاکٹر امجد نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی، وکیل ڈاکٹر امجد عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 53 سے اے پی ایم ایل کے امیدوار تھے تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر امجد کی وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اور وزیر اعظم کے مشیر نعیم الحق بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ ’مجھے تحریک انصاف کی قیادت اور اُس کے منشور پر مکمل اعتماد ہے اس لیے آج شمولیت اختیار کررہا ہوں، عمران کی قیادت میں ملک واپس ترقی کی راہ پر گامزن ہورہا ہے‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ حالانکہ یہ حکومتی کے ابتدائی دن ہیں مگر اُس کے باوجود تحریک انصاف کامیابی کے ساتھ ملک کر ترقی کی پٹری پر لے آئی اور اب اس کے سفر کا آغاز بھی ہوگیا‘۔ ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ ’میں کپتان کے کاررواں میں شمولیت اختیار کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں‘۔یاد رہے کہ ڈاکٹر امجد کا شمار اے پی ایم ایل کے قائدین اور پرویز مشرف کے دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا انہوں نے گزشتہ برس اگست میں پارٹی کی چیئرمین شپ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ڈاکٹر امجد گزشتہ برس جولائی میں ہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 53 سے اے پی ایم ایل کے امیدوار تھے البتہ انہوں نے عمران خان کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔