لیڈز: ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
ہیڈنگلے میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز اظہرعلی کے ساتھ امام الحق نے کیا جوکہ بغیرکوئی رنز بنائے اسٹیورٹ براڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ 17 کے مجموعی اسکور پر اظہر اعلی صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے انہیں بھی اسٹیورٹ براڈ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔وکٹ پر اس وقت حارث سہیل کے ساتھ اسد شفیق موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے لارڈز ٹیسٹ میں ان فٹ ہونے والے بیٹسمین بابر اعظم کی جگہ عثمان صلاح الدین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ باقی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی جگہ عثمان صلاح الدین اور فخر زمان میں سے ایک کو کھلانا مشکل فیصلہ تھا ،تاہم ٹیم مینجمنٹ نے عثمان صلاح الدین کو دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جو پچھلے 3 دوروں سے ٹیم کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔