اسلام آباد: پاناما کیس کی جے آئی ٹی نے ایف بی آر سے 1985 سے 2016 کے دوران وزیر اعظم اور اُن کے بچوں کی جانب سے جمع کرائے گئے ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر واجد ضیاء کی سربراہی میں دستاویزات جمع کرانے کا کام تیز کردیا ہے۔ جے آئی ٹی میں اب تک ملنے والے ریکارڈ کا موازنہ کیا جارہا ہے اور اس دوران پیدا ہونے والے سوالات کو الگ کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے ایف آبی آر سے 1985 سے 2016 تک وزیر اعظم اور اُن کے بچوں کے ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات منگوانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ایف بی آر کو خصوصی طور پر خط لکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے واجد ضیا کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی ہے جو 60 روز میں اپنی تحقیقات مکمل کرنے کی پابند ہے۔