سپریم کورت میں پاناما لیکس سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران مریم نواز ، حسین نواز اور حسن نواز نے عدالت میں جواب داخل کرا دیا ہے ۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ،عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد کی درخواستوں کی سماعت کررہا ہے ۔
وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کی جانب سے سپریم میں داخل کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ حسین نواز16اورحسن نواز22 سال سے پاکستان سے باہر ہیں۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ تینوں بچے مریم نواز،حسین نواز اور حسن نواز عاقل اور بالغ ہیں۔والد نوازشریف کا بیٹوں کے کاروبارمیں کوئی کردار ہے نا لندن جائیدادوں سے کوئی تعلق ہے۔
آج صبح سماعت سے قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمرا ن خان ،پارٹی رہنما جہانگیر ترین اور عوامی مسلم لیگ کے چیئرمین شیخ رشید پاناما لیکس کیس کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ پہنچے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں ،15 سے 20 دن میں کیس نمٹنا چاہیے۔
شیخ رشید کا کہناتھاکہ سارے ثبوت اورسیاسی تابوت یہاں سے نکلیں گے،سپریم کورٹ سے پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ آئے گا۔