اسلام آباد: پاناما عملدرآمد کیس میں جے آئی ٹی نے اپنی تیسری پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرا دی۔
پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ اس موقع پر جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے اپنی تیسری کارکردگی رپورٹ پیش کی، جے آئی ٹی کی سیل رپورٹ 2 کتابوں پر مشتمل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیراعظم کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے بیانات کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیا کی زیر صدارت پاناما کیس کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کا 43 واں اجلاس گزشتہ روز وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں ہوا جس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی تیسری کار کردگی رپورٹ مرتب کر کے اسے حتمی شکل دی تھی۔