نواز شریف نے بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات ، کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی سے کام لیا :درخواست میں الزام
لاہور (یس اُردو) لاہور ہائیکورٹ نے پاناما لیکس کے انکشافات پر وزیر اعظم کے خلاف کارروائی کے لئے عوامی تحریک کی درخواست پر وفاقی حکومت اور نیب کو 14 اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے عوامی تحریک کے رہنما اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ 2013 کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کے وقت نواز شریف نے اپنے بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات خفیہ رکھیں اور کاغذات میں اپنے اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات نہیں بتائیں ۔ درخواست میں الزام لگایا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی سے کام لیا اور اب پاناما لیکس کے انکشافات سے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے ارکان کے خفیہ اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں اس پر نیب کو نواز شریف کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے عوامی تحریک کی درخواست پر وفاقی حکومت اور نیب کو 14 اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔