وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز عالمی طاقتوں کی سازش ہے جس کا ایندھن عمران خان بنے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز عالمی طاقتوں کی سازش ہے جس کا نشانہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن، وزیراعظم نواز شریف اور مستعفی برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون تھے جب کہ پاکستان میں عمران خان اس سازش کا حصہ بنے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاناما پیپرز سازش کے پاکستانی کھلاڑی جلد اپنے کیے پر پچھتائیں گے، سیاسی، غیر سیاسی طاقتور لوگ نفرت انتقام میں اس سازش کا ایندھن بنے جب کہ عمران خان ذاتی اقتدار کے لیے سازش کا حصہ بنے تاہم پاکستان کا کوئی ادارہ سازش کا حصہ نہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کے دوران انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہیے تھا، جے آئی ٹی رپورٹ بدنیتی اور عدم انصاف کا شاہکارتھی، جے آئی ٹی نےجتنا کام کیا اتنا دو ماہ میں ممکن ہی نہیں تھا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ منتخب وزرا اعظم کوعدالتی فیصلوں کےذریعے ہٹوانے کی سوچ اورعمل ملک کے لئے زہر قاتل ہے، یہ احتساب نہیں انتقام ہے، ہمیں گرانے کے شوق میں ملک اور جمہوری نظام کو نشانہ بنایا گیا تاہم مسلم لیگ (ن) ہر بحران، حملے، سازش کا مقابلہ تدبر، جرأت اور دیانت سے کرے گی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ آرٹیکل 62 اور63 کی حیثیت مرحومہ 58 ٹوبی کے مساوی ہے، آرٹیکل 62 ،63 باقی رہا تو پارلیمنٹیرینز کے علاوہ باقی طبقات کو بھی اس کاحصہ بننا ہوگا۔