پاراچنارکی سبزی منڈی میں دھماکےسے 20 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ فوج اور ایف سی کی کوئیک رسپانس ٹیموں کا موقع پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے ۔
پاراچنار میں عید گاہ مارکیٹ کے قریب صبح سویرے زندگی رواں دواں تھی کہ اچانک سبزی منڈی اور ارد گرد کی عمارتیں دھماکے سے لرز اُٹھیں ۔ دھماکے کے وقت علاقے میں رش ہونے کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد دہشتگردی کا نشانہ بنی ۔عینی شاہدین کے مطابق لوگ اپنے اپنے کام میں مصروف تھے کہ اچانک دھماکے کی آواز سنی اور پھر ہر طرف دھواں چھا گیا۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ایجنسی ہیڈکوارٹر اسپتال اورکچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے پشاوراسپتال منتقل کیاجارہا ہے۔دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکا صبح 8 بجکر50 منٹ پرہوا،فوج اور ایف سی کی کوئیک رسپانس ٹیموں نے موقع پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا جبکہ فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کےباعث مشکلات کاسامنا ہے ۔