counter easy hit

الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ اور ایم کیو ایم پر پابندی عائد کی جائے، کامران یوسف گھمن

Altaf Hussain

Altaf Hussain

پیرس (کامران یوسف گھمن) پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے کوارڈنیٹر کامران یوسف گھمن نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کے ساتھ متحدہ قومی موومنٹ پر پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے ذریعے پابندی عائد کی جائے محض وزیر داخلہ کی کھوکھلی تقریروں سے کچھ نہیں ہو گا۔

اب عملی اقدامات ضروری ہیں انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے نام پر نفرت کا کھیل بہت کھیلا جا چکا ہے اب سنجیدگی سے امن قائم ہونے دیا جائے انہوں نے کہا کہ بھارت اور نیٹو افواج کو پاکستان پر حملہ کرنے کی دعوت دے کر الطاف حسین نے وطن دشمنی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں اب مزید خاموشی بزدلی ہی نہیں، وطن عزیز سے غداری کے مترادف بھی ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد نے بھارت کو فوج کی دعوت دے کر تقسیم ہند کے موقع پر انڈیا سے اپنی جائیدادیں چھوڑ کر اور جان و مال کی قربانی دے کر پاکستان آنے والے مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کے ساتھ خود اپنے آباؤ اجداد کی بھی توہین کی ہے جنہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی دعوت پر تحریک پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور علیحدہ وطن میں رہنے کیلئے بھارت سے طویل سفر کرکے پاکستان پہنچے۔

مگر افسوس الطاف حسین جیسی گستاخ اولاد نے انہیں قبروں میں بھی اذیت دی کامران یوسف گھمن نے مزید کہا کہ خود پاکستان میں پیدا ہونے والے الطاف حسین نے مہاجروں کے حقوق کا نعرہ لگا کر نہ صرف قوم کو بیوقوف بنایا بلکہ ملکی سلامتی کو بھی چیلنج کیا لیکن بفرت کی بنیاد پر فرقہ واریت، نسل پرستی، زبان، علاقے یا قومیت کی سیاست کو کبھی پذیرائی نہیں ملی۔

تاریخ گواہ ہے کہ ایسی جماعتیں اور لیڈر قومی کردار ادا نہیں کر سکے وہ اپنے بغض میں ہی جل کر دنیا سے رخصت ہو گئے مگر پاکستان اور اس کے عوام میں اب بھی پیار محبت اور خلوص موجود ہے۔