پیرس (سمن شاہ) گزشتہ روزپیرس کے نواحی علاقے ویلیے لابیل میں واقع خوبصورت ریسٹورنٹ ذائقہ میں غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نے پیرس ادبی فورم کے تعاون سے ایک شاندار مذاحیہ مشاعرہ اور ڈنر کا انعقاد کیا اس تقریب میں پاکستان کے نامور دور عہد کے مشہور مذاحیہ شاعر پروفیسر جناب انور مسعود جناب خالد مسعود اور معروف تجزیہ نگار کالم نگار دانشور جناب اوریا مقبول جان خاص طور پر تشریف لائے تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا اور اسکے بعد بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا پروگرام کے پہلے حصے میں معروف تجزیہ نگار اور دانشور جناب اوریا مقبول جان نے پر اثر تقریر میں مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگوکی۔
غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے اونر جناب سید عامر محمود نے اپنی تقریر میں غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان کے دیہی علاقوں میں مفلس و نادار اور یتمیوں کے لیے اب تک چھ سو اسکول تعمیر کر چکا ہے جن میں مستحق بچوں کو نہ صرف تعلیم دی جاتی ہے بلکہ انکی تمام ضروریات کا خیال بھی رکھا جاتا ہے غزالی ایجوکیشن پاکستان کے دیہات میں تعلیم کا سب سے برا فلاحی ادارہ ہے۔
اس ضمن میں ایک مکمل وڈیو ڈکومنٹری بھی دکھائی گئی اس کے بعد فنڈ ریزنگ کا سلسلہ شروع کیا گیااور حاضرین نے غزالی ایجوکیشن کے اس عظیم مقصد کو سراہتے ہوئے دل کھول کر فنڈ دیا پیرس ادبی فورم دیار غیر میں جہاں اردو زبان کے فروغ اور ادب و ثقافت کے لیے لگن اور محنت سے بر سر پیکار ہے وہیں پاکستان میں تعلیم سب کے لیے کے منصوبوں پر کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اور ایسے تمام اداروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے غزالی ایجوکیشن کے اس نیک کام میں پیرس ادبی فورم نے بھی اپنا حصہ ڈالتے ہوئے تنظیم کی جانب سے فنڈ پیش کیے
چیریٹی ڈنر کے بعد مشاعرہ شروع کیا گیا پیرس ادبی فورم نے پاکستان سے تشریف لائے ہوئے نامور شعراء کرام جناب انور مسعود اور جناب خالد مسعودصاحب کو گلدستے پیش کیے اسکے بعد مشاعرہ کا باقاعدہ آغاز ہو مقامی شعراء میں وقار بخشی پیرس ادبی فورم کے چیف آرگنائزر، آصف جاوید عاصی جوائنٹ سیکریٹری مقبول الہی شاکر،عاشق حسین، پیرس ادبی فورم کی صدر سمن شاہ نے اپنا کلام پیش کیا۔
مقامی شعراء کے بعد معروف شاعر خالد مسعود اور ہر دل عزیز شاعر جناب انور مسعود نے اپنے کلام سے محفل کو زعفران کر دیا لوگ انکے چٹکلوں اور خوبصورت شاعری سے بے حد محظوظ ہوئے اور دل کھول کر داد دی اس تقریب میں پیرس میں سیاسی، مذہبی،سماجی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ خواتین نے بھی بھر پور شرکت کی
پروگرام کے آخر میں پیرس ادبی فورم کی صدر محترمہ سمن شاہ نے اپنے پیغا م میں غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کو پاکستان میں روشنی پھیلانے کی کوششوں پر انہیں مبارکباد ی سمن شاہ نے مذید کہا کہ ایک چینی کہاوت ہے اگر ایک سال کی منصوبہ بندی کرنی ہے تو فصلیں اگاؤ اگر سو سال کی منصوبہ بندی کرنی ہے تو درخت لگاؤ اور اگر ایک ہزار سال کی منصوبہ بندی کرنی ہے تو تعلیم میں سرمایہ لگاؤاور آخر میں انہوں نے مہمانوں اور خاص طور پر میڈیا جن میں جیو نیوز،اے آروائی،دنیا نیوز،اور وقت چینل کے پیرس میں نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور یوں یہ پر وقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔