پیرس: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تباہ کاریوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے ممالک میں شامل ہے، ماحولیاتی خطرات سے نمٹنا ایک عالمی چیلنج ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پیرس میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس اہم موقع پر ہورہی ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلیے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ماحول دشمن گیسوں کےاخراج کرنے والےممالک پرزیادہ ذمہ داری عائدہوتی ہے تاہم عالمی حدت کا باعث بننے والی گیسوں میں پاکستان کا حصہ انتہائی کم ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی حدت پیدا کرنے والی گیسوں میں کمی کےلیےپرعزم ہے اور قابل تجدید ٹیکنالوجی فروغ دے رہا ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ ملکر ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جامع معاہدہ طے کیا جائے، معاہدے میں ماحولیاتی تبدیلیوں میں جائزے کا مؤثر طریقہ کار وضع ہو اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کےجائزہ لینے کاموثرنظام ہو۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جس میں ذمہ داریوں کا تعین ہو اور ہم سب مل کر ماحول کو نقصانات سے بچانے کے لیے یکساں ذمہ داریاں ادا کریں۔