پیرس (اے کے راؤ ) پاکستان عوامی تحریک فرانس و یورپ کے صدر حاجی محمد اسلم چوھدری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر حکومتی جے آئی ٹی کی مبینہ رپورٹ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھن ،دھونس، دھاندلی سے قائم جعلی جمہوریت کی جے آئی ٹی نے کنفرم قاتلوں کو کلین چٹ دے کر پاکستان میں قانونی اداروں کی کریڈبیلٹی پر ایک بڑا سوالیہ نشان رقم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ تمام ٹی وی چینلز کی رپورٹس گواہ ہیں کہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ پر پولیس کی چڑھائی یکطرفہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مرکزی قیادت پہلے ہی کلیر کر چکی تھی کہ قاتلوں کو کلین چٹ دینے کیلئے قائم کی گئی جے آئی ٹی منظور نہیں۔
حاجی محمداسلم نے زور دے کر کہا کہ ہمارا قاتل پنجاب کا وزیر اعلیٰ ہے اور معاون قاتل رانا ثناء اللہ اور دیگر افسران ہیں لیکن قاتل اعلیٰ کان کھول کر سن لیں 14بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ غیر قانونی جے آئی ٹی کو تسلیم کیا نہ اسکی نام نہاد رپورٹ کو مانتے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک فرانس کے جنرل سیکریٹری نعیم چوھدری نے مبینہ رپورٹ پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ نے قاتل اعلیٰ کے فائرنگ سکوارڈ کے باپ کا کردار ادا کرتے ہوئے 14بے گناہوں کے خون پر مٹی ڈالنے کی ناپاک حرکت کی ہے جس کی سزا ایسے اس دنیا میں بھی ملے گی اور آخرت میں بھی اسکا منہ کالا ہو گا۔