پیرس، کشمیر مصالحتی کمیٹی کا اجلاس، چیئرمین جموں کشمیر فورم کی عدم دلچسپی پر 27اکتوبر کے احتجاج کی متفقہ حمایت کا فیصلہ
پیرس(خصوصی رپورٹ) پیرس کی پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے دوتنظیموں کی طرف سے 26 اکتوبراور27اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کے غاصبانہ تسلط کے اقدام کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ۔ جس پر پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے سرکردہ راہنمائوں کی طرف سے صدر پیپلز پارٹی فرانس چوہدری محمد رزاق ڈھل کی سربراہی میں ایک مصالحتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی۔ جس میں تمام مذہبی ، سیاسی وسماجی جماعتوں کے راہنماشامل تھے۔ کمیٹی نے جموں کشمیر فورم فرانس اور انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم کے سربراہوں کو ایک ہی دن احتجاج کی تجویز پیش کی ۔
تفصیلات کے مطابق مشترکہ احتجاج کی تجویز پر پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کی اکثریت نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ مصالحتی کمیٹی نے تمام راہنمائوں سے ملاقات کی اور 27 اکتوبر کو پیرس کے معروف مقام ایفل ٹاور پر متحد ہو کر احتجاج کرنے پرزور دیا۔ جس سے جموں وکشمیر فورم کے چیئرمین چوہدری نعیم نے اختلاف کرتے ہوئے 26 اکتوبر کے احتجاج پرقائم رہے۔
اس تناظر میں گزشتہ روزبھٹی مرچ مصالحہ اینڈ ریسٹورنٹ پر کشمیر مصالحتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام جماعتوں کے سرکردہ راہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت چوہدری محمد رزاق ڈھل نے کی جواس کمیٹی کے سربراہ تھے۔ اجلاس کے بعد متفقہ اعلامیہ میں 27 اکتوبر کے احتجاج کی حمایت کی گئی اور کمیونٹی کو 27 اکتوبر دن 04 بجے ایفل ٹاور پر بھرپور مظاہرہ کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے بعد تمام راہنمائوں نے پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے اتحاد مخالف عناصر کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے اور مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔
پیرس کی تمام پاکستانی وکشمیری کمیونٹی ہمیشہ سے متحد ہو کر اپنا پیغام دیتی رہی ہے اور ہمیشہ دیتی رہیگی۔ پاکستانی وکشمیری کمیونٹی مقبوضہ کشمیرپر بھارت کے غاصبانہ تسلط کیخلاف ہر فورم پرآواز اٹھائے گی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی تک یہ جنگ جاری رہیگی۔