پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی ٹرک آرٹ کی نمائش جو کہ 24مارچ سے جاری تھی ، گزشتہ روز اختتام کو پہنچی- نمائش کی اختتامی تقریب ایفل ٹاور کے سائے میں منعقد کی گئی -دنیا بھر سے آئے ہوئے بیشمار سیاحوں اور فرانسیسی شہریوں نے پاکستانی ٹرک آرٹ کی یہ نمائش دیکھی انھوں نے پاکستان کے اس رنگا رنگ فن کو سراہا۔
نمائش میں ایک سکوٹر اور دو کاروں کے علاوہ فرانس کی سب سے بڑی ٹرانسپورٹ کمپنی آر اے ٹی پی کی جانب سے پیش کی گئی ایک بس بھی شامل تھی -ٹرک آرٹ کے مصوروں نے اس بس کے اوپر خوبصورت نقش و نگار بنائے جن میں پیرس اور پاکستان کی مشہور عمارتیں اور پھول بوٹے شامل تھے- سیاح اور آرٹ کے دلدادہ لوگ ٹرک آرٹ سے سجی گاڑیوں کے ساتھ تصویریں بناتےرہے اور ہنرمندوں کے فن کو سراہتے رہے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال نے کہا کہ پیرس کے لوگوں کی پاکستانی ٹرک آرٹ نمائش میں بے پناہ دلچسپی پاکستانی فن کی گہرائی ، رنگا رنگی اور روشن خیالی کی عکاس ہے – انھوں نے کہا کہ مغربی دنیا کے سامنے پاکستان کے فن کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے – انہوں نے خصوصی طور پر ٹرک آرٹ کی پروموٹر محترمہ انجم رانا کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا کہ پاکستان کے مثبت اور روشن امیج کیلئے انکی کوششیں کسی بھی سفارتکار سے کم نہیں ہیں۔
اس موقع پر سفیر غالب اقبال نے اس نمائش کے آرگنائزر جنرل حاتم ، پاکستانی ٹرک آرٹ کو پوری دنیا میں پروموٹ کرنے والی محترمہ انجم رانا ، اور ممتاز بزنس مین وقار ملک کو انکی خدمات پر سووینئیر پیش کئے ۔ اختتامی تقریب میں شریک ایک نوجوان کا کہناتھا کہ اس نمائش سے ہمارے ملک کا آرٹ پروموٹ ہوگا اور پاکستان کے بارے میں لوگوں کوآگاہی ہوگی۔
بعد ازاں پاکستان اور فرانس کے پرچموں سے سجی نمائش میں شامل گاڑیوں کے قافلے نے پیرس کی مشہور شاہراہ شانزے لیزے اور کنکورڈ چوک کا ایک چکر لگایا- دیکھنے والوں نے اس فن کو سراہا-پیرس کے ٹرانسپورٹ گروپ آر اے ٹی پی کی جانب سے پیش کی گئی اس بس کو کچھ دنوں تک عام بس کی حیثیت سے پیرس کے مختلف روٹوں پر چلایا جائے گا اور بعد میں اس کو کمپنی کے عجائب گھر میں رکھا جائے گا۔