پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایک فضائی میزبان گذشتہ شب پیرس کے شاپنگ مال میں مبینہ طور پر چوری کرتے ہوئے پکڑی گئیں۔
قومی ایئرلائن کی انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔پی آئی اے ذرائع کے مطابق ایئرہوسٹس کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مبینہ طور پر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا، جس کے بعد شاپنگ سینٹر کی سیکیورٹی پر مامور گارڈز نے انھیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فضائی میزبان کے پرس کی تلاشی کے دوران قیمتی میک اپ کا سامان برآمد ہوا تھا۔بعدازاں 5 گھنٹے پولیس کی حراست میں رہنے کے بعد پیرس کے اسٹیشن منیجر کی ضمانت پر فضائی میزبان کو رہا کردیا گیا تھا۔دوسری جانب پی آئی اے کے جنرل مینیجر فلائٹ سروسز یعقوب نے یس اردو نیوز کو بتایا کہ ایئرلائن انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔انھوں نے بتایا کہ مذکورہ فضائی میزبان پاکستان پہنچنے کے بعد 6 ماہ تک کسی بھی بیرون ملک پرواز کا حصہ نہیں بن سکیں گی۔جنرل مینیجر فلائٹ سروسز کا کہنا تھا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد فضائی میزبان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔